نئی دہلی،23؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)شیوسینا نے آج این ڈی اے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ شیوسینا لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات اکیلے لڑے گی۔حالانکہ اب یہ صاف نہیں ہے کہ پارٹی مرکز اور مہاراشٹر حکومت سے باہرہوگی یا نہیں۔اس کے ساتھ ہی آدتیہ ٹھاکرے کو پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا جو کہ پارٹی کی پالیسیاں مقرر کریں گے۔شیوسینا ایگزیکٹو اجلاس پارٹی کے صدر کے انتخاب کے لئے بلائی گئی تھی۔اس میں مختلف پارٹی رہنماؤں نے بی جے پی کا ساتھ چھوڑنے کا مشورہ دیا۔قابل ذکر ہے کہ دو دن پہلے ہی مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڈنویس نے بی جے پی لیڈروں کو ریاستی اسمبلی انتخابات کے لئے تیار ہونے کو کہا تھا۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ریاست میں وقت سے پہلے اسی سال نومبر میں اسمبلی کے انتخابات کرائے جا سکتے ہیں۔